لاہور (کامرس رپورٹر) راجگڑھ میں گزشتہ روز تاجر دوست سکیم کے تحت ٹیکس ریکوری کیلئے جانے والی ٹیم کو تاجروں کی جانب سے ہراساں کرنے کا واقعہ پیش آیا۔ تاجروں نے ایف بی آر ٹیم کو دھمکیاں دیں اور کہا کہ ایک روپیہ ٹیکس نہیں دیں گے، چلے جاؤ تو اچھے رہو گے، بازار سے نکل جائیں ورنہ ٹھیک نہیں ہو گا۔ ایف بی آر کی ٹیم دکانداروں سے تاجر دوست سکیم کے تحت ایڈوانس ٹیکس کی مد میں 1000 روپے وصول کرنے گئی تھی۔ ایف بی آر افسران دکانداروں کو قائل کرتے رہے مگر دکاندار علاقہ سے نکل جانے کی دھمکیاں دیتے رہے۔ چیف کوآرڈینیٹر تاجر دوست سکیم نعیم میر نے اس واقعہ پر کہا ہے کہ ساندہ کے علاقے میں شہریوں کی ایف بی آر ٹیم کے ساتھ ہلکی پھلکی تلخی ہوئی ہے جس کو حل کر لیا گیا۔ صدر انجمن تاجران میاں جاوید سے بات ہوچکی، اس معاملے کو صبح ہی حل کر لیا گیا تھا۔