لاہور (خصوصی نامہ نگار) عالمگیری بادشاہی مسجد لاہور میں گزشتہ روز سیرت پیغمبر دو عالم کانفرنس کا انعقاد کیاگیا جس کی صدارت چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کی اور اس کانفرنس کے مہمان خصوصی سیکرٹری و چیف ایڈمنسٹریٹر محکمہ اوقاف مذہبی امور پنجاب ڈاکٹر سید طاہر رضا بخاری تھے۔ تمام مکاتب فکر کے جید علماء کرام و مشائخ عظام نے شرکت کی جن میں مفتی مبشر احمد، مولانا پیر مسعود قاسم قاسمی، علامہ قاضی عبدالغفار قادری،مفتی فتح محمد راشدی، علامہ محمد نعیم بادشاہ، مولانا احسان اللہ تبسم، پیر ولی اللہ شاہ بخاری، علامہ سجاد حسین جوادی، علامہ محمد ارشد عابدی و دیگر علماء کرام و سماجی شخصیات شریک تھے۔ مولانا عبدالخبیر آزاد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماہ ربیع الاول بڑی برکتوں والا مبارک مہینہ ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا پورے پنجاب میں سیرت النبیؐ کانفرنسوں کا انعقاد کروانا قابل تحسین عمل ہے، اسلام ہمیں احترام انسانیت، امن و محبت، اخوت، یکجہتی، بھائی چارہ اور خدمت انسانیت کا درس دیتا ہے، وطن عزیز اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے معرض وجود میں آیا، پاکستان کی حفاظت کیلئے ہم سب ایک ہیں، علماء کرام ومشائخ عظام منبر ومحراب کے ذریعے احترام انسانیت، تشدد سے پاک معاشرہ اور پیغام پاکستان کے فروغ کیلئے اپنا عظیم کردار ادا کریں، وطن عزیز پاکستان کی سلامتی و تحفظ کیلئے پوری قوم افواج پاکستان اور قومی سلامتی کے تمام اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔ سید طاہر رضا بخاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محسن انسانیت تاجدار ختم نبوت حضور نبی کریم ؐ آپ سارے عالم کیلئے رحمت بنا کر بھیجے گئے، اسلام کا پیغام امن و سلامتی ہے۔ دیگر مقررین و علماء کرام نے خطاب کرتے ہوئے کہا مسلمان اپنی کامیابی کیلئے قرآن پاک سے تعلق کو مضبوط بنائیں۔ آخر میں ملکی سلامتی، ترقی و خوشحالی، عالم اسلام کے اتحاد، حرمین شریفین کے تحفظ، مقبوضہ کشمیر اور غزہ فلسطین کی آزادی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔