اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے)سینٹ میں مسلم لیگ ن کے پارلیمانی لیڈر، خارجہ امور کی سٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین عرفان صدیقی نے کہا ہے خیبر پی کے کے وزیراعلی اپنی الگ خارجہ پالیسی بنانے کا تماشا لگا کر پاکستان کی سلامتی اور قومی یکجہتی سے مت کھیلیں۔ انہوں نے جلسے میں صحافیوں، سیاست دانوں اور پنجاب کی خاتون وزیراعلی کے خلاف انتہائی سطحی زبان استعمال کی۔ ہم نے یہ سب کچھ برداشت کر لیا لیکن انہیں اِس بات کی اجازت نہیں دی جا سکتی وہ وفاق پاکستان کو کمزور کریں اور اپنی آزادانہ خارجہ پالیسی بنانے لگیں۔ یہ کام وفاقی حکومت کا ہے۔ ہم پارلیمنٹ کے اندر اور باہر ہر سطح پر اس مہم جوئی اور آئین شکنی کا راستہ روکیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمنٹ ہاوس کے باہر پریس ٹاک کے دوران کیا ۔آج میں قومی اہمیت کا انتہائی اہم معاملہ ایوان بالا میں رکھنا چاہتا تھا لیکن ایوان کا ماحول خراب ہونے کی وجہ سے اجلاس جلد ختم کر دیا گیا۔ شیخ مجیب الرحمن نے بھی اپنے چھ نکات پیش کرتے ہوئے امور خارجہ، دفاع اور کرنسی کے معاملات وفاق کے لیے چھوڑ دیے تھے۔ گنڈا پور چھ نکات سے بھی آگے نکل گئے ہیں ؟