لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا ہے علی امین گنڈاپور مسلسل فیڈریشن کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں۔ ایک صوبے کا وزیراعلی دوسرے ملک کے ساتھ کس حیثیت سے بات کر سکتا ہے؟ کل افغان قونصل جنرل سے ملاقات فیڈریشن سے کھلی بغاوت کا اعلان ہے۔ یہ کسی غلط فہمی میں مت رہیں فیڈریشن لاڈلے بچے کی طرح ان کا منہ نہیں دیکھتی رہے گی۔ انہوں نے کہا علی امین گنڈاپور یہ سب کچھ کیوں کر رہے کس کے اشارے پر کر رہے ہمیں سب معلوم ہے۔فتنہ فساد پارٹی پاکستان میں دوبارہ 2014 والے دھرنے کا سیکوئیل دوہرانے کی پلاننگ کر رہی ہے۔ اسلام آباد کا جلسہ اور گنڈاپور کی افغان سفارتکار سے ملاقات آئندہ ماہ کوئی ایڈونچر کرنے کی پلاننگ ہے۔تانگہ پارٹی ملک کو غیر مستحکم کرنے کے لئے طرح طرح کے ڈرامے رچاتی ہے۔ ان کے ایسے ڈراموں کو روکنا ہوگا۔ پاکستان جب بھی ترقی کی جانب گامزن ہوتا ہے یہ نئی سازش لے کر آجاتے ہیں۔ ہم ان کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔