مری (امتیاز الحق نامہ نگار خصوصی) راولپنڈی سے مری تک، گلاس ٹرین پراجیکٹ کے بارے میں ملنے والی اطلاعات کے مطابق حکومت پنجاب نے راولپنڈی سے مری تک گلاس ٹرین منصوبے کا آغاز کر دیا ہے۔ اس منصوبے کی تیاری کے لیے 18 مختلف محکموں پر مشتمل ورکنگ گروپ تشکیل دیا گیا ہے ۔اس طرح یہ گلاس ٹرین مری میں راولپنڈی اور بھوربن کے درمیان چلائی جائے گی جس کے ابتدائی مرحلے پر پی سی ون پر کام شروع ہوگیا ہے۔صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ گروپ کے سربراہ ہوں گے جبکہ کمشنر و ڈپٹی کمشنر راولپنڈی اور ڈپٹی کمشنرمری سمیت یگر محکموں کے سربراہان بھی اس میں شامل ہیں۔اس طرح 65 کلومیٹر طویل ٹرین راولپنڈی صدر سے شروع ہو کر مارگلہ کی پہاڑیوں اور بارہ کہو سے ہوتے ہوئے بھوربن میں اختتام پذیر ہوگی۔نیشنل انجینئرنگ اینڈ سائنٹیفک کمیشن (نیسکام) کو منصوبے کی افادیت کا جائزہ لینے کے لیے فزیبلٹی اسٹڈی کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مری میں اس ترقیاتی منصوبے پر تبادلہ خیال کے لیے ہونے والے اجلاس کے دوران اس منصوبے کی باضابطہ منظوری دی تھی ۔