قومی اسمبلی کی لائبریری میں قائم کیے جانے والے سیرت محل بک کارنر کا افتتاح

اسلام آباد(خبرنگار)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے جمعہ کے روز پارلیمنٹ ہائوس میں رحمت للعالمین حضرت محمد ؐ کے اسمائے گرامی کی خطاطی کے فن پاروں کی نمائش اور سیرت نبوی ؐ پر لکھی گئی کتب کیلئے قومی اسمبلی کی لائبریری میں قائم کیے جانے والے سیرت محل بک کارنر کا افتتاح کیا۔تقریب میں معزز اراکینِ پارلیمنٹ اور 25سے زائد اسلامی ممالک کے سفیروں، قومی اسمبلی کے اعلی افسران، عملے اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ "نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم رحمت اللعالمین اور محسنِ انسانیت ہیں۔ حضور ؐ کی سیرتِ طیبہ اور اخلاقِ حسنہ ہم سب کے لیے مینارہ نور ہے انہوں نے مزید کہا کہ نبی کریم ؐ  کے اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہو کر ہی دنیا اور آخرت میں کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔ رسولِ کریم ؐ کی تعلیمات ہمیں بھائی چارے، امن، انصاف اور انسانیت کی خدمت کا درس دیتی ہیں۔اسپیکر نے آپ ؐ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت پر زور دیانبی کریم ؐ کے اسمائے گرامی پر خطاطی کے فن پاروں کی نمائش کا اہتمام اسپیکر سردار ایاز صادق کی خصوصی ہدایات پر ربیع الاول کے ماہ مبارک کی مناسبت سے منعقد کیا گیا۔ اسپیکر نے خطاطی نمائش میں رکھے گئے 112 فن پاروں کا مشاہدہ کیا اور معروف خطاط واصل شاہد کی تخلیقی صلاحیتوں کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ نبی کریم کے اسمائے گرامی کی اس خوبصورت انداز میں خطاطی معروف خطاط واصل شاہد کی نبی کریم ؐ سے والہانہ محبت کا اظہار ہے اس موقع پر اسپیکر سردار ایاز صادق نے قومی اسمبلی کی لائبریری میں سیرت محل کے نام سے ایک بک کارنر کا بھی افتتاح کیا۔ سیرت محل بک کارنر میں نبی پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حیاتِ طیبہ کے حوالے سے لکھی گئی 400 نایاب کتب رکھی گئی ہیں، جو اراکینِ پارلیمنٹ، محققین اور سیرت النبی ؐ کے مطالعہ کا شوق رکھنے والوں کو سیرت النبی  سے متعلق معلومات کی فراہمی میں انتہائی معاون ثابت ہونگی۔اسپیکر نے بنی کریم  کے اسمائے گرامی کے فن پاروں کی خطاطی نمائش کے اہتمام اور سیرت محل بک کارنر کے قیام کیلئے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے افسران اور عملے کی کاوشوں کو سراہا۔اسپیکر نے تقریب میں شرکت کرنے والے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا

ای پیپر دی نیشن