غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی نے کہا ہے کہ ہفتے کی صبح غزہ شہر میں ایک گھر پر اسرائیلی فضائی حملے میں خواتین اور بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 11 افراد ہلاک ہو گئے۔
ایجنسی کے ترجمان محمود بسال نے اے ایف پی کو بتایا، "مشرقی غزہ شہر میں بوستان خاندان کے گھر پر اسرائیلی فضائی حملے کے بعد ہم نے 11 شہداء کی لاشیں نکال لی ہیں جن میں چار بچے اور تین خواتین شامل ہیں۔"انہوں نے کہا کہ یہ حملہ غزہ شہر کے التفاح محلے میں شجاعیہ سکول کے قریب ہوا۔بسال نے کہا، "امدادی کارکن لاپتہ افراد کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں۔"اسرائیلی فوج نے اس حملے پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔بسال نے کہا کہ اسرائیلی افواج نے رات بھر حماس کے زیرِ انتظام علاقے کے بعض دوسرے حصوں میں بھی اسی طرح کے حملے کیے جس میں کم از کم 10 افراد ہلاک ہوئے۔انہوں نے کہا کہ شمال مغربی غزہ شہر میں پانچ افراد اس وقت ہلاک ہو گئے جب دار الارقم سکول کے قریب لوگوں کے ایک گروپ پر فضائی حملہ ہوا۔بسال نے مزید کہا کہ جنوبی خان یونس گورنری کے علاقے المواصی میں ایک حملے میں تین دیگر افراد ہلاک ہو گئے جہاں دسیوں ہزار بے گھر فلسطینیوں نے پناہ حاصل کر رکھی ہے