’’ممبئی حملے‘‘ پاکستان کو مزید معلومات دینے کو تیار ہیں: مکھرجی‘ کافی ثبوت دیدئیے‘ ٹھوس کارروائی کرے: منموہن

Apr 15, 2009

سفیر یاؤ جنگ
نئی دہلی (ریڈیو نیوز + آن لائن) بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ نے پاکستان کی طرف سے ممبئی حملوں کے حوالے سے مزید معلومات طلب کرنے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو کافی معلومات دے دی گئی ہیں اور وہ ان پر فوری کارروائی کرے جبکہ بھارتی وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ اگر پاکستانی خفیہ ادارے تحقیقات نہیں کر سکتے تو ایف بی آٰئی کو یا پھر ہمیں تحقیقات کی اجازت دے دیں۔ راشٹریہ پتی بھون میں ایک تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے من موہن سنگھ نے کہا کہ ہم نے کارروائی کے لئے پاکستان کو مناسب معلومات دے دی ہیں اور اب انہیں کارروائی کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی طرف سے مزید معلومات کا مطالبہ غلط ہے‘ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بھارتی وزیر داخلہ پی چدمبرم نے کہا کہ ایسی حکومت کا کیا فائدہ جو صرف یہی بات دہرائے جاتی ہے کہ کافی ثبوت نہیں ملے۔ ثبوت بھی پاکستان میں ہیں اور وہ افراد جن سے تحقیقات کرنی ہیں وہ بھی پاکستانی ہیں اگر پاکستانی خفیہ ادارے تحقیقات نہیں کر سکتے تو وہ ایف بی آئی یا بھارتی حکام کو اس کی اجازت کیوں نہیں دیتے۔ ادھر بھارتی وزیر خارجہ پرناب مکھر جی نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کو مزید ثبوت اور معلومات فراہم کرنے پر رضامند ہے۔ پاکستان کے نئے سوالات مل گئے۔ مزید معلومات فراہم کرنے پر اعتراض نہیں۔ نئی دہلی میں بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جو معلومات ہمیں دستیاب ہوئیں‘ پاکستان کو ضرور دیں گے۔ پاکستان ممبئی حملوں کی تحقیقات میں مزید تاخیر نہ کرے۔ پاکستان کے سوالات پر سیکرٹری خارجہ شیوشنکر مینن سے بات ہوئی ہے۔ دریں اثناء نئی دہلی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی وزیر مملکت برائے امور خارجہ آنند شرما نے کہا پاکستان ممبئی حملوں سے متعلق فراہم کئے گئے ثبوتوں کی روشنی میں ٹھوس کارروائی کرے۔ تکنیکی بنیادوں پر تاخیر سے پاک بھارت تعلقات بہتر نہیں ہوں گے اور خطے کے امن و استحکام کو نقصان پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کو ممبئی حملوں کے حوالے سے جو ثبوت دئیے ہیں وہ کافی ہیں۔
مکھرجی / منموہن
مزیدخبریں