لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے موسم خوشگورہوگیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کےدوران ملک کے بالائی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ آج رات اسلام آباد سمیت پنجاب، خیبرپختونخوا، بالائی سندھ اور شمال مشرقی بلوچستان میں بعض مقامات میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے اکثر علاقوں میں موسم خشک رہا تاہم شمال مشرقی بلوچستان بالائی سندھ ، جنوبی پنجاب ، ڈی آئی خان اور پشاور ڈویژن میں چند ایک مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی ،قلات میں سب سے زیادہ اٹھارہ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ ڈی آئی خان آٹھ، پارہ چنار اور کوئٹہ میں دو ملی میٹر بارش ہوئی آج ملک میں سب سے کم درجہ حرارت استور میں دو ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت چھور اور نوابشاہ میں اکتالیس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ کل اسلام آباد میں پولن کی مقدار سات سو پچپن فی مکعب میٹر ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد درجہ حرارت بتیس، کراچی پینتیس، لاہور پینتیس، پشاور تینتیس، کوئٹہ اکیس، گلگت انتیس، مظفرآباد اکتیس، ملتان سینتیس، مری بیس اور فیصل آباد میں چھتیس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔