صوبہ کی بحالی، نواب صلاح الدین عباسی کا ”بہاولپور عوامی پارٹی“ کے قیام کا اعلان

بہاولپور (نامہ نگار) پاکستان کے ساتھ سب سے پہلے الحاق کرنے والے نواب صادق عباسی پنجم کے وارث امیر آف بہاولپور نواب صلاح الدین عباسی نے بہاولپور صوبہ کی بحالی کو تاریخی، قانونی، آئینی اور اخلاقی حق قرار دیتے ہوئے صوبہ بحالی اور عوام کے ساتھ ہونے والی مسلسل ناانصافیوں کے خاتمے کے لئے ”بہاولپورعوامی پارٹی“ کے قیام کا اعلان کر دیا اور کہا ہے کہ ہر حکومت نے ہمیں لوٹا اور ہمارا استحصال کیا لیکن اب ظلم کے اس کاروبار کو بند کرانے کا وقت آگیا ہے، عوام تیاری کریں، اب ہر ظلم پر مزاحمت ہوگی اور پے درپے دھوکے کھانے والے عوام اپنا حق چھین کر لیں گے۔ مناسب وقت پر عوام کو سڑکوں پر نکلنے کی کال دینگے۔ صوبہ بہاولپور بحال کرا کے عوام کو خوشحال بنائیں گے اور پاکستان کی خوشحالی میں اہم کردار ادا کریں گے۔ یہ اعلان انہوں نے ڈیرہ نواب صاحب میں صادق گڑھ پیلس میں بہت بڑے عوامی اجتماع سے خطاب میں کیا۔ ”بہاولپورعوامی پارٹی“ کے قیام کے اعلان کا عوام نے زبردست نعروں سے خیرمقدم کیا۔ ”اعلان بہاولپور“ کے تحت یہ جماعت صوبہ بہاولپورکی بحالی اور عوام کے حقوق کے حصول کے لئے جدوجہدکرے گی۔ نواب صلاح الدین عباسی نے مختلف جماعتوں کے اکابرین سے کہاکہ بہاولپور صوبہ کی بحالی کے لئے عملی جدوجہد میں ساتھ دیں اور مل کر چلیں۔ انہوں نے کہاکہ بہاولپور اور اس کے باسیوں کے ساتھ املاک کی فروخت سے لے کر پانی کی فراہمی، مالی حصہ میں بخیلی سے لے کر نوکریوں میں زیادتیوں تک ناانصافیوں کی ایک مسلسل داستان ہے جس پر ہر بہاولپوری خون کے آنسو رو رہا ہے۔ ہمیں صرف قائداعظمؒ کا پا کستان اور ان کا نواب صادق محمد خان پنجم کے ساتھ ہونے والا معاہدہ قبول ہے۔ اب ہر ظلم اور زیادتی کے خلاف عملی مزاحمت ہو۔ آپ کو اپنا حق چھننے کے لئے باہر نکلنا ہو گا۔

ای پیپر دی نیشن