صاحبزادہ فضل کریم کی حالت مزید خراب، قومہ میں چلے گئے

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین اور سابق رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ حاجی فضل کریم کی حالت مزید ناسازگار ہو گئی اور وہ قومے میں چلے گئے ہیں‘ سنی اتحاد کونسل کے ذرائع کے مطابق صاحبزادہ حاجی فضل کریم جو گزشتہ دس روز سے شدید علیل ہیں گزشتہ رات ان کی طبیعت مزید خراب ہو گئی اور وہ قومے میں چلے گئے ہیں‘ ہسپتال میں ڈاکٹر ان کی صحت یابی کے لئے کوشاں ہیں جبکہ سنی اتحاد کونسل نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ صاحبزادہ حاجی فضل کریم کی جلد از جلد صحت یابی کے لئے خصوصی دعا کریں۔ واضح رہے کہ صاحبزادہ حاجی فضل کریم اپنی علالت کے باعث انتخابات میں حصہ لینے سے گزشتہ روز دستبردار ہو چکے ہیں اور اب ان کے صاحبزادے حامد رضا این اے82 سے سنی اتحاد کونسل ‘ مسلم لیگ (ق) اور پیپلز پارٹی کے مشترکہ امید وار کے طور پر اپنی انتخابی مہم کا آغاز کر چکے ہیں۔ دریں اثنائالمصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی پاکستان کے سرپرست اعلیٰ سابق وفاقی وزیر حاجی حنیف محمد طیب، سابق وفاقی وزیر مذہبی امور صاحبزادہ حامد سعید کاظمی نے المصطفیٰ پنجاب کے صدر صاحبزادہ عطاءالمصطفیٰ نوری کے ہمراہ حاجی محمد فضل کریم کی عیادت کی اور جلد صحت یابی کیلئے دعا کی اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے حاجی محمد حنیف طیب نے کہاکہ صاحبزادہ حاجی محمد فضل کریم ایک محب وطن اورباکردار سیاسی لیڈر ہیں، تمام مسلمانانِ اسلام سے ان کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی اپیل کرتے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن