نیشنل ویمن کرکٹ چیمپئن شپ : زرعی بنک اور ایچ ای سی کی ٹیموں نے میچ جیت لئے

لاہور(سپورٹس رپورٹر) 8 ویں نیشنل ویمن کرکٹ چیمپیئن شپ زون اے میں زرعی ترقیاتی بنک اور ایچ ای سی کی ٹیموں نے اپنی اپنی حریف ٹیموں کو شکست سے دوچار کر دیا۔ ای ایم آئی گراونڈ لاہور میں کھیلے جانے والے میچ میں ایچ ای سی نے فیصل آباد ریجن کو 9 وکٹوں سے شکست دی۔ میچ میں فیصل آباد کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 111 پر آوٹ ہو گئی جس میں زینب ریاض نے 33، عظمٰی یوسف نے 16 نمایاں رنز بنائے۔ رحمہ حسن نے چار کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ جواب میں ایچ ای سی ٹیم نے ہدف صرف ایک وکٹ گنوا کر پورا کر لیا۔ اریبہ قاضی نے 50 جبکہ سدرہ امین نے 40 رنز کی اننگز کھیلی۔ دوسرا میچ اتفاق کرکٹ گراونڈ میں کھیلا گیا۔ جس میں زرعی ترقیاتی بنک کی ٹیم نے ملتان ریجن کی ٹیم کو 294 رنز کے وسیع مارجن سے شکست دی۔ میچ میں زرعی ترقیاتی بنک نے پہلے کھیلتے ہوئے 5 وکٹوں پر 384 رنز بنائے جس میں نین عابدی کی شاندار سنچری شامل تھی انہوں نے 115 رنز بنائے۔ جویریہ خان نے 87، ندا ڈار نے 62 اور ثنا میر نے 54 رنز بنائے۔ جواب میں ملتان ریجن کی ٹیم 90 کے سکور پر ڈھیر ہو گئی۔ اریب شمیم نے 33 نمایاں رنز بنائے۔ ندا ڈار، بسمہ معروف اور ثناءمیر نے دو دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ نین عابدی کو سنچری سکور کرنے پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ 

ای پیپر دی نیشن