لاہور: سافٹ ویئر انجینئر کو زہر دے کر قتل کر دیا‘ بل گیٹس کی دعوت پر امریکہ جانیوالا تھا

لاہور (نامہ نگار) جنوبی چھاؤنی میں 28 سالہ سافٹ وئیر انجینئر کو فلیٹ میں زہر دے کر قتل کر دیا۔ عادل نذیر نے معروف یونیورسٹی سے سکالرشپ پر سافٹ وئیر انجینئرنگ میں ایم فل کیا تھا اور وہ مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس کی دعوت پر امریکہ جانے کی تیاری کر رہا تھا۔ پولیس کی اس پہلو پر بھی تفتیش جاری ہے کہ یہ لڑکی کا چکر تو نہیں۔ تفصیلات کے مطابق سرگودھا کا رہائشی 28سالہ عادل نذیر ایک نجی کمپنی میں بطور سافٹ وئیر انجینئر کام کر رہا تھا اور جنوبی چھاؤنی میں ایک فلیٹ خرید کر اس میں رہائش پذیر تھا۔ گزشتہ روز نامعلوم افراد نے اسے فلیٹ میں زہر دے کر قتل کر دیا اور فرار ہو گئے۔ پولیس نے اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچ کر نعش قبضے میں لے لی اور پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے بھجوا دی۔ پولیس کے مطابق عادل نذیر کے فلیٹ سے مقامی افراد نے ایک عورت اور دو نامعلوم مردوں کو باہر نکلتے دیکھا۔ جس پر پولیس نے مقتول کے والد نذیر کی درخواست پر دو نامعلوم مردوں اور ایک عورت کے خلاف مقدمہ درج کر کے ان کی تلاش شروع کر دی۔ فلیٹ سے مقتول عادل کے بینک کارڈز، موبائل فون اور پرس غائب تھے۔ ڈاکٹروں کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق عادل کو زہر دے کر قتل کیا گیا۔ اس کے ناک اور منہ سے خون بھی بہہ رہا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوع سے فنگر پرنٹس حاصل کر لیے گئے جبکہ مقتول عادل کے موبائل فون کا ڈیٹا بھی حاصل کیا جا رہا ہے۔ ملزموں کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ مقتول کے والد نذیر کے مطابق عادل ان دنوں مائیکروسافٹ وئیر کے بانی بل گیٹس کی دعوت پر امریکہ جانے کی تیاری کر رہا تھا۔ میرے بیٹے نے دوران تعلیم دو گولڈمیڈل حاصل کئے۔ نذیر نے دھاڑیں مار کر روتے ہوئے بتایا کہ اس نے اپنی زندگی اپنی اولاد کی پرورش و تعلیم پر صرف کر دی، ظالموں نے میرے بڑھاپے کا سہارا چھین لیا۔ بتایا گیا ہے مقتول کا ایک بھائی سی اے کر رہا ہے جبکہ بہن ڈاکٹر ہے۔

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...