لاہور (فرخ سعید خواجہ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے پنجاب میں امن و امان کی صورت حال اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسروں کی ناقص کارکردگی کا نوٹس لیتے ہوئے متعدد افسران کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے صوبے میں امن و امان کی صورت حال کو ہر قیمت پر بہتر بنانے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے اچھرہ لاہور میں بھتہ کے سلسلے میں بم دھماکے کے معاملے میں ڈی آئی جی آپریشن کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔ گذشتہ روز انہوں نے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی جس میں صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ، شجاع خانزادہ، چیف سیکرٹری، ہوم سیکرٹری، آئی جی پولیس پنجاب، ایڈیشنل آئی جی و دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں کراچی کی طرز پر لاہور میں بھی کنٹرول اینڈ کمانڈ سنٹر کو مانیٹرنگ سونپنے کے لئے اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی۔ جن افسروں کو تبدیل کیا جائے گا ان میں ڈی آئی جی آپریشن لاہور بھی شامل ہیں۔