اسلام آباد (آن لائن) اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پیمرا محمد رشید کیس کے حوالے سے حکومت کو تفصیلی جواب داخل کرنے کیلئے ایک ہفتے کی مہلت دے دی‘ درخواست گزار کے وکیل وسیم سجاد عدالت میں پیش ہوئے جبکہ حکومت کی طرف سے راجہ خالد محمود خان ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔ پیر کے روز اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ریاض محمد خان پر مشتمل سنگل بنچ نے چیئرمین پیمرا محمد رشید کیس کی سماعت کی۔ حکومت کے وکیل راجہ خالد محمود نے عدالت کو بتایا کہ چیئرمین پیمرا کیس میں ایک پٹیشن کا جواب داخل کرادیا گیا ہے دوسرا نوٹس حکومت کو ابھی موصول نہیں ہوا۔ عدالت نے حکومتی وکیل کو ہدایت کی کہ چیئرمین پیمرا کیس میں ایک ہفتے کے اندر جواب داخل کرایا جائے۔ حکومتی وکیل نے اعتراض کیا کہ درخواست گزار کیس کا سامنا کرنے کی بجائے عدالتوں میں پٹیشن در پٹیشن دائر کررہے ہیں۔ ہائیکورٹ کے جسٹس ریاض محمد خان نے حکومتی وکیل کو ہدایت کی کہ آپ مزے کریں اور پیش ہوتے رہیں۔ آپ کو کیا تکلیف ہے۔ وسیم سجاد نے عدالت کو بتایا کہ پٹیشنر کو کیس کا سامنا کرنے کا موقع ہی نہیں دیا جارہا۔ عدالت نے کیس کی سماعت ایک ہفتے کیلئے ملتوی کردی گئی۔