عمران کے بیانات جھوٹ کا پلندہ ہیں سیاست میں منفی رویہ انکی پہچان بن چکا: رانا ثناء

Apr 15, 2014

لاہور  (خصوصی رپورٹر)  وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے رہنما عمران خان کے بیانات جھوٹ کا پلندہ ہیں۔ سیاست میں منفی رویہ عمران خان کی پہچان بن چکا ہے۔ تبدیلی کا نعرہ لگانے والے عوام کے لئے مذاق بن کر رہ گئے ہیں۔ عمران خان کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کے پی کے میں فارورڈ بلاک کا قیام عمران خان کی جابرانہ پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ کے پی کے میں حکومت کی کارکردگی بہتر بنانے کی بجائے اسلام آباد اور لاہور میں بیٹھ کر بیان بازی عمران خان کا مشغلہ بن گیا ہے۔ عوام نے ہر وقت دھاندلی کا راگ الاپنے والے عمران خان کی باتوں پر کان دھرنا چھوڑ دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اطمینان رکھیں آئندہ انتخابات میں انہیں اپنی حیثیت کا پتہ چل جائے گا۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق رانا ثناء اللہ خان نے ایوان صنعت وتجارت میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذاکرات کے بعد دہشت گردی میں کمی واقع ہوئی ہے۔ طالبان سے مذاکرات کے بعد خود طالبان نے اسلام آباد میں دہشت گردی کے واقعہ کی مذمت کی ہے۔ طالبان مذاکرات کے بعد خودکش حملوں کو خود بھی حرام قرار دے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت طالبان کے آگے گھٹنے نہیں ٹیکے گی۔ مذاکرات کے ذریعے ہر حال میں امن بحال کر کے رہیں گے۔

مزیدخبریں