بھکر (نامہ نگار) بھکر میں آدم خور ی پر ایک شخص کو ایک بار پھر گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ اسکا بھائی فرار ہو گیا، گھر سے ایک نومولود کا سر اور جسم کے اعضا برآمد ہوئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے واقعہ کا نوٹس لے لیا ہے اور رپورٹ طلب کر لی ہے۔ آدم خوری میں سزا یافتہ کہاوڑ کلاں کے دو بھائیوں عارف، فرمان کی جیل سے رہائی کے بعد ایک اور انسانیت سوز واقعہ رونما ہوا ہے ، اہل محلہ کی نشاندہی پر بدبو پھیلنے کے بعد گھر سے نومولود بچے کا سر اور جسم کا اعضا برآمد ہوئے، ایک آدم خور عارف گرفتار کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز دن ایک بجے کے قریب پولیس کو اطلاع ملی کہ سال 2011ء میں قبرستانوں سے آدم کھانے والے بھائیوں کے گھر سے شدید بُو آرہی ہے۔ پولیس نے تمام آدم خوروں کے گھر پر اچانک چھاپہ مارا تو ایک نوزائیدہ بچہ کے سر اور جسم کے اعضاء برآمد ہوئے۔ عارف عرف اپھل کو پولیس نے گرفتار کر لیا جبکہ اس کا بھائی فرمان عرف پھاما فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ خبر جنگل میں آگ کی طرح پھیل گئی۔ علاوہ ازیں آدم خور فرمان کی گرفتاری کیلئے ڈی ایس پی دریاخان کی سربراہی میں پولیس ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ علاوہ ازیں آدم خور دونوں بھائی غیرشادی شدہ اور بھیک مانگ کر اپنا پیٹ بھرتے ہیں۔ اہلیان علاقہ نے سماجی میل جول سے قطع تعلق کیا ہوا تھا۔2011ء میں مردہ عورت کی نعش گھر سے برآمد ہونے پر زیردفعہ 295ت پ، 16ایم پی او قبروں کی بے حرمتی اور مردوں کی بے حرمتی کے جرم میں ملزمان کے خلاف تھانہ دریاخان میں مقدمہ درج ہوا اور ملزمان کو معزز عدالت کی جانب سے ایک، ایک سال سزا جبکہ دو دو لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی گئی اب جیل سے رہائی کے بعد دوبارہ دونوں بھائیوں نے گزشتہ واقعہ کو دہراتے ہوئے مردہ انسانوں کا گوشت پکا کر کھانا شروع کر دیا، ملزمان کے گھر سے پولیس نے کڑاہی کے علاوہ سالن پکانے والے برتن برآمد کئے ہیں جس میں مردہ خور بھائی مردہ انسانوں کا گوشت پکا کر کھاتے تھے۔ این این آئی کے مطابق ملزمان موقع پاکر دفنائے گئے مردے کو قبر سے نکال کر گھر لے جاتے اور جسم کے ٹکڑے کرکے پکا کر کھا جاتے تھے۔ تھانہ دریاخان میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ملزم عارف نے بچے کھانے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ بچہ کی نعش اس کا بھائی لیکر آیا تھا اور رہائی کے بعد سے وہ مسلسل یہ کام کر رہے ہیں۔ اس دروان ملزم بار بار مؤقف تبدیل کرتا رہا۔ مزید برآں ملزمان کے خلاف تازہ واقعہ کا مقدمہ پولیس کی مدعیت میں تھانہ صدر دریاخان میں زیردفعہ 295A, 297, 201, 16MPO, 7ATA درج کر لیا گیا ہے۔مردہ خوروں کے گھر پر علاقہ مکینوں نے دھاوا بول دیا۔ پولیس کے مطابق گھر کی دیوار گرا دی اور دروازے توڑ دئیے۔