لکھوی کی نظربندی ختم کرنے کا فیصلہ، پنجاب حکومت نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کر دی

Apr 15, 2015

لاہور + اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ آن لائن) حکومت پنجاب نے ممبئی حملہ کیس کے مرکزی ملزم ذکی الرحمن لکھوی کی نظربندی ختم کرنے کے عدالت عالیہ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کر دی۔ حکومت پنجاب کی اپیل میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے حساس دستاویزات کا جائزہ لینے کے باوجود ذکی الرحمن لکھوی کی نظربندی ختم کرنے کا حکم دے دیا۔ نظربندی کا خاتمہ حکومت کے لئے مشکلات کا باعث بن سکتا ہے جبکہ نقص امن کا بھی خطرہ ہو سکتا ہے۔ درخواست میں مزید کہا گیا کہ فیصلے سے اس کیس کی تفتیش متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔ اپیل میں استدعا کی گئی ہے کہ ذکی الرحمن لکھوی کی نظربندی ختم کرنے کے عدالت عالیہ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔ دوسری جانب ملزم ذکی الرحمان لکھوی نے لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر رہا ہونے پر سیکرٹری داخلہ و ڈی سی او اوکاڑہ کے خلاف دائر  توہین عدالت کی درخواست واپس لے لی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے  ملزم کی جانب سے سیکرٹری داخلہ و ڈی سی او اوکاڑہ کے خلاف توہین عدالت کی درخواست واپس لینے پر کیس کو نمٹا دیا۔ جسٹس نورالحق این قریشی نے کہا کہ آپ کے موکل کو ہائیکورٹ کے حکم پر رہا کیا جا چکا ہے اور آپ کو ریلیف مل چکا ہے لٰہذا توہین عدالت کیس کی اب ضرورت نہیں رہی۔

مزیدخبریں