پاکستان میں تمام اقلیتیں محفوظ‘ سکھ میرج ایکٹ پر جلد قانون سازی ہوگی: سردار یوسف

Apr 15, 2016

لاہور( خصوصی نامہ نگار) وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتیں محفوظ ہیں، بھارت میں پاکستان کے بارے میں غلط پراپیگنڈا ہو رہا ہے مسلمان امن اور بھائی چارے پر یقین رکھتے ہیں بابا گورو نانک عظیم شخصیت تھے جنکا احترام پوری دنیا میں کیا جاتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھوں کے روایتی تہوار بیساکھی میلہ کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین محمد صدیق الفاورق، ممبرز قومی اسمبلی رمیش لال، بھون داس، بھارتی جتھہ لیڈر سردار رگبیر سنگھ، سردار تارا سنگھ، سردار منموہن سنگھ خالصہ، ڈاکٹر سورن سنگھ سمیت دنیا بھر سے آئے ہزاروں سکھ یاتریوں نے شرکت کی، وفاقی وزیر سردار یوسف نے کہا کہ وزیر اعظم کے حکم پر مرکزی اور صوبائی حکومتیں اقلیتوں کی خدمت اور اتحاد بین المذاہب کے لیے کام کر رہے ہیں، سکھوں کو جتنی عزت پاکستان میں ملتی ہے کہیں اور نہیں اسی وجہ سے یہ ان کا دوسرا گھر ہے۔ اس موقع پر صدیق الفاروق نے یاتریوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سکھ مسلم ایک سانجھ کا نام ہے ہم سکھ مسلم دوستی کی رشتہ کو مزید مضبوط بنائیں گے، وزیر اعظم پاکستان اقلیتوں سے خصوصی محبت رکھتے ہیں اور انہیں ہر قسم کی مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔ پاکستان‘ بھارت دوستانہ تعلقات سے خطے میں امن و خوشحالی آئے گی۔ یاتریوں کے لیے ایک ہزار کمروں کی تعمیر اور بابا گورو نانک انٹرنیشنل یونیورسٹی کے جلد از جلد قیام کے لیے کام جاری ہے سندھ حکومت ہمیں 100کنال زمین دے رہے ہیں جس پر پنجاب حکومت کے دانش سکول کی طرز پر ہندو اور سکھو ں کے یتیم و مستحق بچوں کے لیے انٹرمیڈیٹ سکول بنایا جائے گا۔ بھارت سے آئے سکھوں کے پارٹی لیڈر سردار رگبیر سنگھ نے کہا کہ پشاور میں گورو دوارہ بھائی بیبا سنگھ کی بحالی اور حسن ابدال میں شمشان گھاٹ کے قیام پر ہم پر حکومت پاکستان اور چیئرمین بورڈ کے خصوصی شکر گزار ہیں۔ سردا ر تارا سنگھ نے کہا کہ پاکستان کی دھرتی سکھوں کے لئے کسی جنت سے کم نہیں ہمارے مقدس مقامات پہلے سے زیادہ محفوظ اور خوبصورت بنائے جا رہے ہیں۔ سردار منموہن سنگھ خالصہ نے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ ظلم ہو رہا ہے لہذا سکھ مسلم دوستی کے رشتے کو مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ڈاکٹر سورن سنگھ نے کہا کہ پاکستان میں سکھوں کو ہر سطح پر عزت و احترام سے نوازا جا رہا ہے۔ اس موقع پر سکھ مسلم دوستی زندہ باد اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔

مزیدخبریں