شیخوپورہ/ فیروز والا (نامہ نگاران) لاہور روڈ کی آبادی قلعہ ستار شاہ کے قریب تیزرفتار ٹرک نے سائیکل سوار محنت کش باپ بیٹے کو روند ڈالا جو موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ حادثے کے بعد ٹرک ڈرائیور فرار ہوگیا۔ فیکٹری مزدوروں نے سڑک پر نعش رکھ کر زبردست احتجاج کیا‘ نعرے بازی کی۔ گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔ جاوید نگر کے رہائشی 45 سالہ عبدالجبار اپنے بیٹے 18 سالہ احسن کے ساتھ سائیکل پر جا رہا تھا۔ تیز رفتار ٹرک نے ٹکر مار دی۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ورثاء اور فیکٹری مزدور بڑی تعداد میں جائے وقوعہ پر جمع ہو گئے اور احتجاج شروع کر دیا۔ پولیس تاخیر سے پہنچی۔ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔ باپ بیٹے کی نعش گھر پہنچی تو کہرام مچ گیا‘ دونوں متوفی گھر کے واحد کفیل تھے۔