کابل (اے پی پی) افغانستان کی سکیورٹی فورسز نے شمال مشرقی افغانستان میں آپریشن کے دوران 183عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیاہے، صوبہ تخار میں ایک اعلیٰ پولیس آفیسر کے قافلے پرحملہ میں پولیس افسر اپنے 7محافظین سمیت ہلاک ہوگئے ۔افغان میڈیا کے مطابق سرکاری عہدیداروں نے بتایا کہ شمال مشرقی افغانستان میں عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن ’’شفق‘‘ کے دوران 183عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا گیا۔فوجی عہدیداروں کے مطابق اس دوران 170کے قریب عسکریت پسند زخمی ہوگئے جبکہ متعدد کو حراست میں لیا گیا۔اس آپریشن کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ اورگولہ بارود بھی برآمد کیاگیا۔ سرکاری حکام نے بتایا کہ گزشتہ روزشمالی صوبہ تخارکے علاقہ قندوزروڈ پر اس وقت پیش آیا جب مسلح عسکریت پسندوں نے ایک اعلیٰ پولیس آفیسر کے قافلے پرحملہ کردیا۔حکام کے مطابق اس حملے میں پولیس افسر اپنے 7محافظین سمیت ہلاک ہوگئے۔تاہم حکام نے مرنے والے پولیس عہدیدارکا نام نہیں بتایا۔ابھی تک کسی تنظیم یا گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔اسی صوبہ میں دو سابق جہادی گروپوں کے درمیان تصادم میں صوبائی کونسل کے رکن ہلاک ہوگئے ۔حکام کے مطابق ملا پیرم قل اورعین الدین رستاقی کے حامیوں کے درمیان جھڑپ میں عین الدین رستاقی ہلاک ہوگئے۔، طالبان نے پولیس کمانڈر کے قتل کی ذمہ داری قبول کرلی۔ مرنے والوں میں 3 راہگیر خواتین شامل ہیں۔