لاہور (میاں علی افضل سے) صدر ڈویژن میں جنوری‘ فروری اور مارچ کے دوران 2 ہزار 971 وارداتوں سے شہری ذہنی مریض بن گئے۔ چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں شہریوں کے کروڑوں روپے لوٹ لئے گئے۔ متعدد افراد کو قتل کر دیا گیا۔ اندھے قتلوں کی وارداتوں کے باعث شہری خوف و ہراس میں مبتلا ہوگئے ہیں جبکہ شہریوں کی کروڑوں روپے کی گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں چوری اور چھین لی گئیں۔ مجاہد سکواڈ‘ پولیس رسپورنس یونٹ کے گشت کے باوجود جرائم پیشہ عناصر کی جاری وارداتوں پر شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں جبکہ پولیس کی ناقص تفتیش کے باعث ایک ہزار 711 وارداتوں کے درج ہونے والے مقدمات کے ملزمان کا سراغ نہیں لگایا جا سکا اور مقدمات کی تفتیش زیرالتوا ہے۔ صدر ڈویژن 4 سرکل اور 13 تھانوں پر مشتمل ہے جس میں 2 پولیس چوکیاں بھی شامل ہیں۔ ان میں رائے ونڈ سرکل میں تھانہ رائے ونڈ سٹی‘ تھانہ مانگا منڈی‘ تھانہ سنڈر‘ چوکی جیا بگا‘ چوہنگ سرکل میں تھانہ چوہنگ‘ تھانہ نواب ٹائون‘ تھانہ ستوکتلہ‘ سبزہ زار سرکل میں تھانہ سبزہ زار‘ تھانہ مصطفی ٹائون‘ تھانہ ہنجروال‘ چوکی نیاز بیگ‘ ٹائون شپ سرکل میں تھانہ ٹائون شپ‘ تھانہ جوہر ٹائون‘ تھانہ گرین ٹائون اور قائداعظم انڈسٹریل ایریا کے علاقے شامل ہیں۔ ان علاقوں میںپولیس جہاں وارداتیں روکنے میں ناکام ہے‘ وہیں وارداتیں کرنے والے ملزمان کا سراغ لگانے میں خاطرخواہ کامیابی حاصل نہیں کر سکی۔ گرفتار نہ ہونے کی وجہ سے جرائم پیشہ عناصر بلا خوف وارداتیں کر رہے ہیں جس سے شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں۔