لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے پنجاب شین ڈونگ بزنس فورم سے اردو اور انگریزی زبان میں خطاب کیا اور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے کی مخالفت پر مٹھی بھر اشرافیہ کو ایک بار پھر آڑے ہاتھوں لیا اور اشرافیہ پر عام آدمی کی خوشحالی کے اس عظیم الشان منصوبے کی راہ میں رخنہ ڈالنے پر کڑی تنقید کی۔ وزیراعلیٰ کے خطاب کا چینی زبان میں ترجمہ بھی کیا جاتا رہا۔ ایک موقع پر چینی مترجم نے تفصیل سے وزیراعلیٰ کی تقریر کا ترجمہ کیا جس پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ میںنے اتنے جملے نہیں بولے جتنا آپ نے ترجمہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے تقریب کے اختتام پر پاک چین دوستی زندہ باد کا نعرہ لگایا۔