جنوبی پنجاب کی 5 تحصیلوں میں شمسی توانائی سے چلنے والے واٹر فلٹریشن پلانٹ نصب

Apr 15, 2016

لاہور (سیدشعیب الدین سے) پنجاب کے عوام کو صاف پانی کی فراہمی کا سلسلہ رواں ماہ شروع ہو جائے گا۔ جنوبی پنجاب کی 5 تحصیلوں حاصل پور‘ منچن آباد‘ دیپالپور‘ لودھراں اور خانپور میں شمسی توانائی سے چلنے والے جدید ترین واٹر فلٹریشن پلانٹ نصب کر دیئے گئے ہیں جن کا وزیراعلیٰ پنجاب رواں ماہ کے آخر میں افتتاح کریں گے۔ جنوبی پنجاب کی 5 تحصیلوں میں لگائے 80 واٹر فلٹریشن پلانٹس سے اڑھائی لاکھ افراد کو پینے کا صاف پانی میسر ہوگا۔ لودھراں‘ خانپور‘ حاصل پور‘ دنیا پور اور منچن آباد کی پانچوں تحصیلوں میں عوام کو صاف پانی کی فراہمی پر ایک ارب روپے کے اخراجات آئیںگے۔ آلودہ پانی کا مسئلہ صوبے کی تمام 144 تحصیلوں میں ہے جن کا سروے اور پلاننگ جاری ہے جس میں سے 60 تحصیلوں کا مکمل ڈیٹا اکٹھا کیا جا چکا ہے۔ سروے کے مطابق ہر جگہ کے مسائل جدا ہیں۔ چنانچہ جو فزیبلٹی تیار کی گئی ہے اس میں یہ مدنظر رکھا جا رہا ہے کہ آبادی کتنی ہے‘ پانی کی ضرورت کتنی ہے‘ پانی کس طرح آبادی تک پہنچایا جائے گا۔ پنجاب حکومت نے 70 ارب روپے مختص کئے ہیں جن سے 30 تحصیلوں کو صاف پانی مہیا کیا جا سکے گا۔ پنجاب بھر کے تمام اضلاع میں صاف پانی کی فراہمی پر 300 ارب کے قریب لاگت آئے گی۔ صاف پانی کمپنی نے صوبے کو 8 پیکجز میں تقسیم کیا ہے۔ پیکج میں فیصل آباد ‘ اوکاڑہ‘ ساہیوال‘ قصور‘ ٹوبہ ٹیک سنگھ اور ننکانہ میں ایک کروڑ 34 لاکھ افراد کو صاف پانی مہیا کیا جائے گا۔ دوسرے پیکیج میں بہاولپور‘ رحیم یار خان‘ لودھراں اور بہاولنگر کے اضلاع میں 95 لاکھ افراد‘ تیسرے پیکیج میں مظفر گڑھ‘ ڈیرہ غازی خان‘ راجن پور‘ لیہ کے 80 لاکھ افراد‘ چوتھے پیکیج میں راولپنڈی‘ جہلم‘ اٹک‘ چکوال اور منڈی بہائوالدین کے 65 لاکھ افراد‘ پانچویں پیکیج میں سرگودھا‘ میانوالی‘ بھکر‘ خوشاب‘ چنیوٹ کے 53 لاکھ افراد‘ چھٹے پیکیج میں ملتان‘ وہاڑی‘ جھنگ‘ پاکپتن‘ خانیوال کے ایک کروڑ افراد‘ ساتویں پیکیج میں سیالکوٹ‘ نارووال‘ گجرات کے 60 لاکھ افراد اور آٹھویں پیکیج میں لاہور‘ گوجرانوالہ‘ حافظ آباد اور شیخوپورہ کے اضلاع میں پینے کا صاف پانی فراہم کیا جائے گا۔ دریں اثنا منصوبے میں بین الاقوامی کمپنیوں کو شامل کرنے کیلئے صاف پانی کمپنی کے اعلیٰ عہدیداروں نے چین کا دورہ کیا۔ ذرائع کے مطابق 80 سے زائد کمپنیاں صاف پانی منصوبے میں سرمایہ کاری کریں گی۔

مزیدخبریں