امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاوس کا دورہ کرنے والوں کی فہرست کو عام نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق وائٹ ہاوس کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کی وجہ قومی سلامتی اور پرائیویسی خدشات ہیں۔نئی ہدایات کے مطابق وائٹ ہاوس کے مہمانوں کی فہرست صدر ٹرمپ کے عہدے چھوڑنے کے پانچ سال کے بعد دستیاب ہوگی۔وائٹ ہاوس کا کہنا ہے کہ یہ ویب سائٹ اب دستیاب نہیں ہوگی کیونکہ وہ 2020ءتک ٹیکس دہندگان کے 70 ہزار ڈالر بچانا چاہتے ہیں۔ناقدین کا کہنا ہے کہ اس فہرست کے جائزے سے ان افراد یا گروہوں کے بارے میں علم ہوتا ہے جو ممکنہ طور پر امریکی پالیسیوں پر اثر انداز ہونے کی کوشش کرتے ہیں۔واضح رہے کہ سابق صدر براک اوباما نے رضا کارانہ طور پر اپنی صدارت کے دوران کے 60 لاکھ سے زائد ریکارڈز عام کر دیے تھے۔اوباما انتظامیہ یہ فہرستیں ایک ویب سائٹ پر جاری کرتی تھی تاہم صدر ٹرمپ کے عہدہ سنبھالنے کے بعد اس صفحے کو بند کر دیا گیا۔