کراچی (اسٹاف رپورٹر) سالانہ عرس و جشن رفاعی السید احمد الکبیر الرفاعی کی اختتامی تقریب زیر صدارت سجادہ نشین السید سلطان ظفر یاب علی العظمت اللہ الرفاعی خانقاہ رفاعیہ پاپوش نگر میں ہوئی۔ رفاعیہ ٹرسٹ کے جنرل سیکریٹری نے عرس کے شاندار انتظامات کرنے پر کارکنان کو خراج تحسین پیش کیا۔ ٹرسٹ کے سابق جنرل سیکریٹری عارفانی نے کہا کہ رواں سال مریدین اور عقیدت مندوں کی تعداد میں اضافہ ہوا اور سلسلہ رفاعیہ کا دائرہ تیزی سے پھیلتا جارہا ہے۔ خلیفہ عبدالرزاق شمس الدین الرفاعی نے کہا کہ مرشد اعظم السید احمد الکبیر الرفاعی کی علمی و دینی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ مریدین اور عقیدت مندوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ خلیفہ عبدالرزاق شمس الدین الرفاعی نے عرس کی تقریبات میں شاندار کارکردگی پر کارکنان سے اظہار تشکر کیا۔ حضرت السید سلطان ظفریاب الرفاعی نے کہا کہ مریدین و عقیدت مندوں کی کاوشوں نے بزرگوں کی محفل کو چار چاند لگادیئے۔ سلسلہ رفاعیہ کا دائرہ مزید بڑھنا خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بزرگوں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے رفاعیہ ٹرسٹ کے تحت دینی خدمات کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔