لاہور( وقائع نگار خصوصی ) سپریم کورٹ نے عدالتی تحویل میں رکھی گئی بیوہ کی ایک کروڑ 30 لاکھ روپے کی رقم خورد برد کرنے کی شکایت پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لاہور سے 21اپریل کو رپورٹ طلب کر لی۔ نبیلہ نامی متاثرہ بیوہ خاتون اپنے وکیل ساتھ سپریم کورٹ میں پیش ہوئی۔ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ زمین کی خریداری کے معاملے پر سول کورٹ سے بیوہ کے حق میں ڈگری ہوئی۔ سول عدالت نے عدالتی فیصلہ ہونے تک ایک کروڑ چالیس لاکھ روپے کی رقم عدالتی تحویل میں جمع کرانے کا حکم دے رکھا تھا۔ ہائیکورٹ نے سول عدالت کا فیصلہ بر قرار رکھا ‘ سپریم کورٹ کے روبرو اپیل دائرہوئی تو عدالت عظمی میں راضی نامہ ہو گیا عدالتی حکم پر خزانے میں رکھی گئی رقم واپس لینے کے لئے رجوع کیا تو ایک کروڑ تیس لاکھ روپے کی رقم خورد پر ہونے کا انکشاف ہوا سات مختلف سول ججز سے نا معلوم افراد نے فیصلے لے کر مختلف اوقات میں رقم نکلوائی جبکہ بیوہ خاتون دربدر ہو چکی ہے۔