لاہور( لیڈی رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا نے لوڈشیڈنگ پر حکومت کی دلیل کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ کہ وفاقی وزیر کا مضحکہ خیز استدلال ہے کہ بجلی چوری کی وجہ سے لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے‘ ساتھ ہی اس ’’عزم‘‘ کا اظہار بھی کر رہے ہیں کہ جہاں بجلی چوری ہو گی وہاں لوڈشیڈنگ بھی ہو گی‘ کسی بھی علاقے میں سو فیصد صارفین بجلی چور نہیں ہیں کہیں کم ہوں گے کہیں زیادہ ہوں گے۔ بروقت بل ادا کرنے والے بھی انہی علاقوں میں رہتے ہیں۔ ان کو کس جرم کی سزا دی جاتی ہے۔ بل کی وصولی ایک انتظامی معاملہ ہے۔ بجلی چوری حکومت کی رٹ پر بھی سوال ہے۔ بجلی چوروں کو سزا دینے اور جرمانے کرنے کی ضرورت ہے۔ ایسا کرنے کے بجائے پورے علاقے کو اندھیرے میں ڈبو دینا قرین انصاف نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی کمزوری کے باعث بجلی چوری ہوتی ہے۔