انسانیت کی خدمت سے حقیقی خوشی کا احساس ہوتا ہے: زرداری

Apr 15, 2019

اسلام آباد (این این آئی/ نوائے وقت رپورٹ) سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ انسانیت کی خدمت بہت بڑی عبادت ہے، انسانیت کی خدمت سے حقیقی خوشی کا احساس ہوتا ہے۔ اتوار کو سویٹ ہوم کے ہونہار بچوں نے سابق صدر آصف علی زرداری سے زرداری ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ سویٹ ہوم کے ہونہار بچوں نے اپنی تعلیمی کارکردگی سے سابق صدر کو آگاہ کیا تو سابق صدر نے انتہائی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ سویٹ ہوم سے تعلق رکھنے والے پوزیشن ہولڈرز بچوں اور بچیوں کو اعلیٰ تعلیم کے لئے بیرون ملک کی اسکالرشپ دیا جائے گا۔ دریں اثناء چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے میئر سکھر کی شہر میں رکنے کی دعوت قبول کرنے سے انکار کر دیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق بلاول بھٹو زرداری سے میئر سکھر ارسلان شیخ نے ائرپورٹ پر ملاقات کی اور انہیں سکھر شہر میں رکنے کی دعوت دی۔ بلاول بھٹو نے میئر سکھر کی دعوت قبول کرنے سے انکار کر دیا۔ بلاول بھٹو نے میئر سکھر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہ جھنڈا لگانے پر اتنا پیسہ کیوں برباد کر رہے ہو؟ کیا سکھر کے شہریوں کو پینے کا صاف پانی مہیا کر دیا؟ میئر سکھر نے جواب دیا کہ سکھر کے شہریوں کو پینے کا صاف پانی مہیا نہیں کر سکا۔ بلاول نے کہا پہلے سکھر کے شہریوں کو بنیادی سہولیات مہیا کریں۔ چھوڑیں باقی کاموں کو۔ بلاول بھٹو کی ہدایت کے بعد میئر سکھر خاموشی سے اپنی سیٹ پر بیٹھ گئے۔

مزیدخبریں