اسلام آباد (جاوید صدیق) بھارت میں پاکستان کے ہائی کمشنر اور پاکستان کے مستقبل کے خارجہ سیکرٹری سہیل محمود نے کہا ہے کہ بھارت کے عام انتخابات کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات ناگزیر ہیں۔ بھارتی خبررساں ایجنسی پریس ٹرسٹ آف انڈیا کو دئیے گئے انٹرویو میں سہیل محمود نے کہا عمران خان حکومت کو توقع ہے ۔ نئی دہلی کے ساتھ لوک سبھا انتخابات کے بعد بات چیت کا سلسلہ پھر سے شروع ہوسکے گا۔ پاکستان کے مستقبل کے خارجہ سیکرٹری نے ایک استفسار پر کہا کہ سفارت کاری اور بات چیت ناگزیر ہیں۔ سہیل محمود نے کہا کہ پاکستان اور بھارت بات چیت کے ذریعہ ہی ایک دوسرے کے تحفظات کو سمجھ سکتے ہیں۔ مسلسل بات چیت اور انگیجمنٹ ے ذریعے بھی دونوں ملک ایک دوسرے کے نکتہ نظر کو سمجھ سکتے ہیں۔ سہیل محمود نے کہا کہ امن اور خوشحالی خطے کے سلامتی کے لیے ضروری ہیں۔ پاکستان کے مستقبل کے سیکرٹری خارجہ نے بھارت میں پاکستان کے بارے میں ایک نئے بیانیے کی ضرورت ہے ایسا بیانیہ جو دونوں ملکوں کے درمیان بات چیت اور امن کا راستہ ہموار کرسکے۔ واضح رہے کہ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے پچھلے دنوں ایک انٹرویو میں کہا تھا لوک سبھا کے انتخابات کے بعد پاکستان اور بھارت میں کشمیر کے مسئلہ پر مذاکرات کا امکان ہوسکتا ہے۔