سابق وزیراعظم نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے کہا ہے کہ نوازشریف کی زندگی کوخطرات لاحق ہیں،عارضہ قلب ان کی زندگی کے لیے خطرہ ہے،اگرانجیوپلاسٹی ممکن نہ ہوئی تو دوبارہ بائی پاس سرجری کرنا پڑسکتی ہے۔مسلم لیگ (ن)کے قائد نوازشریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف کے لیے آغا خان یونیورسٹی اسپتال سے ایک ٹیم کراچی سے آئی، آج کا مقصد آغا خان اسپتال کے ڈاکٹرز سے ملاقات، بیماری کو سمجھنا اور ہسٹری لینا تھا۔ڈاکٹر عدنان نے کہا کہ نوازشریف کی زندگی کوخطرات لاحق ہیں اور عارضہ قلب ان کی زندگی کے لیے خطرہ ہے، دل کی شریانوں میں بلاکج ہے اگر اسٹنٹنگ نہ ہو تو ہوسکتا ہے بائی پاس سرجری کی ضرورت پڑ جائے، دماغ کو خون سپلائی کرنے والے شریانوں میں بھی رکاوٹ ہے، دل کا ایشو اور دماغ کو خون کی سپلائی میں کمی اہم مسائل ہیں۔ڈاکٹر عدنان نے کہا کہ نوازشریف کے بیرونی معالج سے بھی رابطے میں ہیں، جس سطح پر انہیں اسپتال داخل کرنے کی ضرورت پڑے گی انہیں داخل کردیا جائے گا۔
نوازشریف کی زندگی کوخطرات لاحق ہیں:نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان
Apr 15, 2019 | 15:21