اسلام آباد، لندن (سٹاف رپورٹر+ عارف چودھری) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے برطانوی ہم منصب ڈومینک راب سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا۔ کرونا وبا پر قابو پانے کے اقدامات اور ترقی پذیر ملکوں کے قرضوں کو ری سٹرکچر کرنے کیلئے وزیراعظم کی تجویز پر ان سے تبادلہ خیال کیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق برطانوی وزیر خارجہ نے اس تجویز کا خیر مقدم کیا۔ بیان میں بتایا گیا ہے کہ وزیر خارجہ کا برطانوی ہم منصب سے یہ رابطہ، کرونا وبائی چیلنج اور اس سے نمٹنے کیلئے متفقہ کوششوں کے حوالے سے کئے جانے والے رابطوں کا تسلسل ہے۔ وزیر خارجہ نے برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کی ہسپتال سے منتقلی پر برطانوی وزیر خارجہ کو مبارکباد دیتے ہوئے جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔ وزیر خارجہ نے وزیراعظم بورس جانسن کی عدم موجودگی میں بہترین قیادت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس عالمی وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے موثر اقدامات پر برطانوی وزیر خارجہ کی کارکردگی کو سراہا۔ وزیر خارجہ نے برطانوی حکومت اور عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے حالیہ وبا کے سبب برطانوی شہریوں کے کثیر جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ کے مابین وطن واپسی کے منتظر شہریوں کی جلد واپسی کے حوالے سے بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ وزیر خارجہ نے برطانوی وزیر خارجہ کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اب تک 7734 برطانوی شہریوں کو پی آئی اے کی 23 خصوصی پروازوں کے ذریعے برطانیہ بھجوا چکا ہے اور واپسی کے خواہاں دیگر برطانوی شہریوں کو بھی جلد روانہ کر دیا جائے گا۔ برطانوی وزیر خارجہ نے برطانوی شہریوں کی وطن واپسی میں معاونت فراہم کرنے پر حکومت پاکستان اور وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ برطانوی وزیر خارجہ نے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
شاہ محمود کا برطانوی ہم منصب سے رابطہ‘ قرض ری سٹرکچر کرنے کی تجویز پر تبادلہ خیال
Apr 15, 2020