عالمی پابندیوں کے باوجود میزائل تجربہ،دشمن کی ناکہ بندی توڑ دینگے:شمالی کوریا

Apr 15, 2020

پیانگ یانگ (اے پی پی) شمالی کوریا نے عالمی قوانین اور پابندیوں کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے کروز میزائل کا ایک اور کامیاب تجربہ کیا ہے۔ شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان کی موجودگی میں مشرقی ساحلی پٹی کے کھلے سمندر میں درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے کروز میزائلوں کا ایک اور کامیاب تجربہ کیا گیا ہے۔ سرکاری سطح پر تفصیلات بتانے سے گریز کیا گیا ہے۔حریف پڑوسی ملک جنوبی کوریا نے میزائل تجربے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ میزائل مبینہ طور پر صوبہ کنگون کے نامعلوم مقام سے داغے گئے۔ عالمی قوتیں اور اقوام متحدہ شمالی کوریا کے جنگی عزائم کا نوٹس لے۔ادھر شمالی کوریا کا رواں سال کا بجٹ طے کرنے اور عہدیداروں کے رد و بدل کے تعین کے لیے سپریم پیپلز اسمبلی کا اجلاس پیانگ یانگ میں ہوا ۔ تاہم ملک کے رہنما کِم جونگ اْن اجلاس میں شریک نہیں تھے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ گزشتہ سال کے اخراجات کا 15.8 فیصد حصہ جدید ہتھیاروں کی ترقی پر خرچ ہوا۔سپریم پیپلز اسمبلی میں بتایا گیا کہ بجٹ کا منصوبے کے عین مطابق استعمال دشمن افواج کی جانب سے پابندیوں کے ذریعے ناکہ بندی کو مکمل طور پر توڑ دے گا، یہ واضح طور پر امریکہ کی جانب اشارہ تھا۔

مزیدخبریں