لاہور ( وقائع نگار خصوصی )چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد قاسم خان نے لاہور ہائیکورٹ کے مختلف داخلی راستوں پر واک تھرو ڈس انفیکشن ٹنلز کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر لاہور ہائی کورٹ کے سینئر جج جسٹس محمد امیر بھٹی، جسٹس محمد شاہد وحید، جسٹس شاہد کریم، پنجاب واٹر کمشن کے سربراہ سابق جج علی اکبر قریشی اور رجسٹرار بہادر علی خان سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔ واک تھرو ڈس انفیکشن ٹنل کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد قاسم خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو کروناوباء کا سامنا ہے، تمام شہری حکومت کی جانب سے جاری اختیاطی تدابیر پر عمل کریں ،وکلاء و سائلین کیلئے لاہور ہائی کورٹ کے مختلف داخلی راستوں پر واک تھرو ڈس انفیکشن ٹنلز نصب کی گئی ہیں جو کہ لاہور ہائی کورٹ انتظامیہ اور واسا کا اہم اقدام ہے۔ فاضل چیف جسٹس نے مزید کہا کہ لوگ غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلیں، فاضل چیف جسٹس نے واک تھرو ڈس انفیکشن ٹنلز کی فراہمی پر واسا کا شکریہ بھی ادا کیا اس موقع پر پنجاب واٹر کمشن کے سربراہ جسٹس (ر) علی اکبر قریشی کا کہنا تھا کہ شہری اپنی صفائی کا خاص خیال رکھیں، بار بار ہاتھ دھوئیں لیکن پانی کا ضیاع نہ کریں۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد قاسم خان نے واک تھرو ڈس انفیکشن ٹنلز کا افتتاح کردیا
Apr 15, 2020