کرونا پر افواہیں پھیلائی جارہی ہیں، لڑنے کی بجائے بچانے کی کہنا عقلمندی ہوگی: شجاعت

لاہور(خصوصی نامہ نگار) مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ کرونا سے متعلق پاکستان میں طرح طرح کی افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ 80 فیصد کرونا وائرس سے پانچ بڑے ممالک متاثر ہیں جن میں امریکہ، انگلینڈ، فرانس، اٹلی اور سپین شامل ہیں، 10 فیصد یورپی ممالک اور 10 فیصد باقی دنیا میں ہے۔ چودھری شجاعت حسین نے تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان پانچ ممالک کو چاہئے کہ وہ دوسروں کی بجائے اپنے اوپر دھیان دیں اور اب تک جس انداز اور معیار سے چل رہے تھے کہ کس کے پاس کتنا اسلحہ اور کتنے میزائل ہیں اس کو تبدیل کریں، ان کو اب یہ یقین کر لینا چاہئے کہ یہ دنیاوی چیزیں ان کو نہیں بچا سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ پانچ بڑے ممالک اپنے فلاحی سٹیٹس کو بحال کریں اور جس سمت کی طرف چل رہے ہیں اس کو روک لیں۔ وہ بے تحاشہ پیسہ جو اپنے دفاعی سسٹم پر خرچ کرتے ہیں اس کو ہیلتھ سیکٹر پر خرچ کریں تو بہت سے مسائل حل ہوجائیں گے۔ دنیا میں دولت اور طاقت کے ترازو کا معیار بدل چکا ہے۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ کرونا کے ساتھ لڑنے کا لفظ بولنے کی بجائے اس سے بچنے اور دوسروں کو بچانے کا لفظ کہنا زیادہ عقلمندی ہو گی۔ یہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے آزمائش ہے اس میں سب زیادہ سے زیادہ استغفار اور اپنے اپنے علاقوں میں مستحق لوگوں کی نشاندہی کر کے ان کی خوب مدد کریں۔

ای پیپر دی نیشن