بھارت: کورونا وائرس متاثرین کی تعداد 11 ہزار سے تجاوز کرگئی،377 افراد ہلاک

نئی دہلی ۔ 15 اپریل (اے پی پی) بھارت میں مہلک کورونا وائرس کے 1076 نئے کیسز سامنے آنے سے متاثرین کی تعداد 11 ہزار سے تجاوز کر گئی اور اس دوران وائرس سے مزید 38 افراد کے ہلاک ہونے سے ہلاک شدگان کی تعداد 377 تک پہنچ گئی ہے۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارت کی مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں کوروناوائرس کے اب تک 11439 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جن میں 76 غیر ملکی بھی شامل ہیں۔کورونا وائرس سے متاثر 1306 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔ بھارتی وزارت صحت کی جانب سے بدھ کو جاری اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس کا پھیلاو¿ ملک کی 32 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں ہوچکا ہے۔ کورونا وائرس سے سب سے شدید متاثر مہاراشٹر ہے جہاں اب تک 2687 لوگ وبا کی زد میں آئے ہیں اور 178 افرادکی موت ہوئی ہے۔ مہاراشٹر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 18 افراد ہلاک ہوئے اور وبا کے 353 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ متاثرین کی تعداد کے معاملہ میں دوسرے مقام پر دہلی ہے جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 51 نئے کیسزدرج کئے جانے کئے جانے کے بعد اب یہ تعداد 1561 ہوگئی ہے۔ اس دوران دو مزید افراد کی ہلاکت کے بعد مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 30 ہوگئی ہے۔ ریاست تامل ناڈو میں سب سے زیادہ 1204 لوگ متاثر ہوئے ہیں اور ریاست میں اب تک 12 افراد کی موت ہوچکی ہے۔

ای پیپر دی نیشن