نہر سویز میں پھنسے والا جہاز  ضبط،900ملین ڈالرجرمانہ

قاہرہ(پی پی آئی)مصری حکام نے ایورگرین جہاز کو مالی نقصانات کے تنازعہ کے سبب ضبط کرلیا ہے جس نے ایک ہفتے کیلئے نہر سویز کو بند کر دیا تھا۔مصری عدالت نے بحری جہاز کے جاپانی مالک، شوئی کسین کیشا کو حکم دیا کہ وہ نقصانات کے نتیجے میں 900 ملین ڈالر معاوضہ ادا کرے۔اس رقم میں نہر کی بحالی کی فیس اور امدادی کاموں کے اخراجات بھی شامل ہیں۔ سوئز کینال اتھارٹی کے مطابق ، تنازعہ حل ہونے تک جہاز کا سامان قبضے میں لے لیا گیا ہے۔23 مارچ کو نہر سویز میں جہاز پھنسنے سے400 سے زیادہ جہازوں کو روک دیا گیا تھا۔ اس صورتحال کے نتیجے میں مصری حکام کی جانب سے ابھی بھی الگ تحقیقات کی جارہی  ہے۔ایک اندازے کے مطابق جہاز پرتقریبا3.5 بلین ڈالر کا سامان ہے جو ایشیا سے یورپ جا رہا تھا۔ جہاز کے مالک کا کہنا ہے کہ انشورنس کمپنیاں اور وکلا معاوضے کے دعوے پر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس پر مزید کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔دنیا بھر میں ہونے والی تجارت کا 12 فیصد حصہ سوئز کینال سے ہو کر گزرتا ہے۔ یہ کینال نہ صرف بحیرہ روم اور بحیرہ احمر کو آپس میں جوڑتا ہے بلکہ ایشیا اور یورپ کے درمیان مختصر ترین سمندری راستہ بھی ہے۔

ای پیپر دی نیشن