,انٹرنیشنل ٹیموں کے انگلش کاؤنٹیز کیخلاف میچز منسوخ

کراچی (اسپورٹس ڈیسک) رواں برس پاکستان،  نیوزی لینڈاور سری لنکاکے انگلش ٹور پر کاؤنٹیز کیخلاف میچز منسوخ کردئیے گئے، ممکنہ طور پر کوروناوائرس سے مکمل محفوظ ماحول کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ای سی بی نے دیگر ممالک کے کرکٹ بورڈز سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ ٹورنگ ٹیمیں انٹرنیشنل میچز کی تیاری کیلئے انٹرا سکواڈ میچز کھیلیں گی۔ای سی بی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹام ہیریسن کا کہنا ہے کہ مردوں اور خواتین کے بین الاقوامی مقابلوں سمیت بہترین سمر سیزن کا اہتمام کرنا چاہتے ہیں،وینیوز پر شائقین کی آمد بھی متوقع ہے۔تفصیلات کے مطابق انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے پاکستان،نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے کرکٹ بورڈز سے مذاکرات کے بعد انہیں اس بات پر رضامند کرلیا ہے کہ وہ رواں برس انگلینڈ کے دورے پر طے شدہ ان میچز کو منسوخ کردیں جو انہیں فرسٹ کلاس انگلش کاؤنٹیز کیخلاف کھیلنے ہیں۔اس فیصلے کے نتیجے میں پاکستان،سری لنکا اور نیوزی لینڈ کی مینز ٹیمیں انگلینڈ پہنچ کر انٹراسکواڈ میچز پر انحصار کریں گی جن سے انہیں انٹرنیشنل میچوں کی تیاری کا بھرپور موقع مل جائیگا۔تینوں ممالک کیساتھ کئے جانیوالے ایگریمنٹ کے بعد ای سی بی حکام کو رواں برس انگلش سرزمین پر شیڈول انٹرنیشنل میچوں کیلئے ممکنہ طور پر مکمل محفوظ ترین ماحول کی فراہمی پر توجہ دینے کا موقع مل جائیگا۔انگلش کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹام ہیریسن کا کہنا ہے کہ وہ مردوں اور خواتین کے بین الاقوامی مقابلوں سمیت بہترین سمر سیزن کا اہتمام کرنا چاہتے ہیں کیونکہ وینیوز پر شائقین کی آمد بھی متوقع ہے،لہٰذااس بات کو یقینی بنانا لازمی ہو جاتا ہے کہ انٹرنیشنل ٹیموں اور ان کے کھلاڑیوں کے علاوہ دیگر آفیشلز کیلئے ممکنہ طور پر محفوظ ماحول کی فراہمی کو اولین ترجیح بنایا جائے۔ٹام ہیریسن کا کہنا تھا کہ وہ انگلینڈ آنے والی تمام ٹیموں کے کرکٹ بورڈز کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے معاملات کو سمجھا اور ای سی بی کے ساتھ تعاون کیا۔واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم کو مختصر فارمیٹ کے میچوں کیلئے انگلینڈ کے دورے پر جانا ہے جہاں اسے ورلڈ کپ سپر لیگ کے سلسلے میں8سے 13جولائی تک 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کے بعد 16 سے 20 جولائی تک 3 ٹی ٹونٹی میچز بھی کھیلنے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن