بابراعظم نے ویرات کوہلی سے نمبر ون پوزیشن چھین لی

 ملتان (سپورٹس ڈیسک)بابراعظم ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کے نمبر ون بیٹسمین بن گئے۔ تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ میں شامل جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کا اختتام دنیائے کرکٹ کے نمبر ون بیٹسمین کی حیثیت سے کیا ہے۔جنوبی افریقہ کے خلاف ایک روزہ سیریز کے تین میچوں میں 228 رنز بنانے والے بابراعظم نے سیریز کے دوران مجموعی طور پر 28 ریٹنگ پوائنٹس حاصل کیے۔ بابراعظم سے قبل بھارت کے کپتان ویرات کوہلی عالمی درجہ بندی میں نمبر ون بیٹسمین تھے۔ وہ اکتوبر 2017 سے اسی رینک پر موجود تھے۔ ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ میں بابراعظم وہ چوتھے پاکستانی ہیں جنہوں نے یہ اعزاز حاصل کیا ہے۔اس سے قبل ظہیر عباس نے ورلڈکپ 1983 میں نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں 103 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے پر عالمی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی، پھر جاوید میانداد نے ورلڈکپ 1987 میں سری لنکا کے خلاف 103 رنز بناکر یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔آئی سی سی ون ڈے انٹرنیشنل پلیئرز رینکنگ میں پہلے نمبر پر موجود بیٹسمین بابراعظم کا کہنا ہے کہ وہ ظہیر عباس، جاوید میانداد اور محمد یوسف جیسے مایہ ناز کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہونے پر بہت فخر محسوس کرتے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن