سی ڈی اے کا رمضان میں چوبیس گھنٹے پانی ٹینکر سروس چلانے کا فیصلہ

اسلام آباد (وقائع نگار) وفاقی ترقیاتی ادارہ(سی ڈی اے)کا شعبہ واٹر مینجمنٹ اسلام آباد کے شہریوں کو پانی کی مسلسل فراہمی کے لئے کوشاں ہے ۔ شعبے نے آٹھ سے دس لیکج پوائنٹس کو بند کر کے ایک ملین گیلن پانی ضائع ہونے سے بچایا گیا ہے ۔آئی ٹین اور آئی نائن میں ایک ملین گیلن پانی سملی ڈیم سے فراہم کر دیا گیا ہے جس سے 150کمپلینٹس کی بجائے صرف30سے چالیس کمپلینٹس رہ گئی ہیں ۔شعبہ پائپ لائنوں کی لیکج پر کام کر رہا ہے ۔آئندہ دو ہفتے میں شہر بھر کی لائنوں کی تمام لیکجز کو بند کر دیا جائے گا ۔موسم سرما میں بارشیں کم ہونے کی وجہ سے سملی ڈیم میں پانی کا ذخیرہ بتیس ملین گیلن سے کم ہو کر بائیس ملین گیلن رہ گیا ہے ۔پانی کی بچت کر کے اس ذخیرے کو پندرہ جولائی تک چلایا جائے گا ۔شہر میں 190ٹیوب ویلز کام کر رہے ہیں، ایک ہفتے میں پانچ ٹیوب ویل فنگشنل ہو جائیں گے جبکہ آئندہ دو ماہ میں مزید 10ٹیوب ویلز کا بھی اضافہ کر دیا جائے گا ۔ٹیوب ویل کی کسی بھی خرابی کو 48گھنٹے کے اندر ٹھیک کر دیا جاتا ہے تاکہ شہری پانی کی فراہمی کی وجہ سے پریشان نہ ہوں ۔شہریوں کی سہولت کے لئے پانی کی فراہمی کے اوقات بھی بڑھا دیئے گئے ہیں ۔آئی ٹین میں پانی کی فراہمی45منٹ سے بڑھا کر ڈیڑھ گھنٹہ کر دی گئی ہے جس سے شکایات میں کمی ہوئی ہے ۔جی الیون میں پانی کی بلا تعطل فراہمی کے لئے نئی لائنیں بچھا دی گئی ہیں ۔جی سیریز کے چھوٹے گھروں کے مکینوں کوچوبیس گھنٹے پانی کی فراہمی شروع کر دی گئی ہے ۔ ایک ہفتے کے اندر شکایت نمبر جاری کردیا جائے گا جس پر شہری پانی کی لیکج اور پانی کی فراہمی نہ ہونے پر شکایت درج کروا سکیں گے ۔سی ڈی اے انتظامیہ نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ پانی کا ضیاع نہ ہونے دیں ۔ گاڑیوں اور فرش کو دھونے میں پانی ضائع نہ کریں ۔ پانی کے ضیاع کو روکنے کے لئے قانون کے مطابق خلاف ورزی کرنے والوں کو دس ہزار روپے تک جرمانے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔

ای پیپر دی نیشن