لاہور(سپورٹس رپورٹر )زمبابوے کیخلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کیلئے پاکستان ٹیسٹ سکواڈ کے گیارہ ارکان ٹریننگ کیمپ میں شریک ہیں، چھ اضافی کھلاڑیوں کو بھی کیمپ میں بلایا گیا جو ٹریننگ میں مصروف ہیں۔پاکستان ٹیسٹ سکواڈ 21 اپریل کو زمبابوے کے لیے روانہ ہو گا۔سابق کپتان پاکستان کرکٹ ٹیم اظہر علی اور مڈل آرڈر بیٹسمین فواد عالم نے ٹریننگ کیمپ میں پریکٹس کو مفید قرار دیا ۔اظہر علی کا کہنا ہے کہ دورہ زمبابوے کی تیاری کیلئے کیمپ کا انعقاد فائدہ مند ثابت ہو رہا ہے، روانگی سے قبل تربیتی کیمپ میں میچ سیناریو کے اعتبار سے پریکٹس خوش آئند ہے، کیمپ میں شامل تمام بلے باز اپنی مہارت اور بائولرز ورک لوڈ پر کام کر رہے ہیں۔فواد عالم کا کہنا تھا کہ تربیتی کیمپ سے سیریز کی تیاری کا اچھا موقع مل گیا ہے، نیٹ سیشنز اور پریکٹس میچز سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ بڑے ناموں پر مشتمل سٹاف سے سیکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اظہرعلی ‘ فواد عالم نے ٹریننگ کیمپ میں پریکٹس میچ کو مفید قرار دیدیا
Apr 15, 2021