وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم آگے کنواں پیچھے کھائی کی سی صورتحال سے دوچار ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پربیان میںانہوں نے کہا کہ کرپشن کے تحفظ کے لئے بنی پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں زیادہ دیر اکٹھا چلنے کو تیار نہیں، وہ وقت دور نہیں جب مولانا اور جعلی راجکماری کی پی ڈی ایم پر قائم اجارہ داری کے باعث باقی ماندہ جماعتیں بھی الگ ہوتی نظر آئیں گی، پی ڈی ایم کے پاس کل جمع پونچی مولانا، جھوٹی راجکماری اور رسوائی بچے گی۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم آگے کنواں پیچھے کھائی کی سی صورتحال سے دوچار ہے، پیپلزپارٹی کی جانب سے پی ڈی ایم سے باقاعدہ علیحدگی کرپٹ اپوزیشن اتحاد کی گرتی دیوار کو ایک دھکا اور ہے، حکومت گرانے کے خواب دیکھنے والی پی ڈی ایم کپتان کی فہم اور دانشمندانہ سیاست کے آگے ریت کی دیوار ثابت ہورہی ہے۔