پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ اس سال ترسیلات زر26فیصد بڑھی ہیں اور گزشتہ ماہ2.7ارب ڈالرزکی ترسیلات زرآئیں، عید پرترسیلات زر مزید بڑھ سکتی ہیں، معیشت کی مجموعی گروتھ میں لارج اسکیل مینو فیکچرننگ کا کلیدی کردار ہے،450ارب روپے کی مشینری کی درآمد اس بات کا ثبوت ہے کہ اس شعبے میں بھی مثبت پیشرفت جاری ہے،تمام اداروں کے بنیادی سٹرکچر کو ٹھیک کیا جارہا ہے، اسی تناظر میں کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے قومی ایئر لائن کی ری اسٹرکچرنگ پلان کی منظوری دیدی ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاروں کے لئے نئی پالیسیاں لا رہی ہے جس سے یقینا بہترہوتے معاشی حالات کو تقویت ملے گی،آج تمام معاشی اشاریے مثبت ہیں جو اس بات کی غمازی ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت درست فیصلے کر رہی ہے،آج غیر ملکی ادارے کہہ رہے ہیں کہ پاکستان کی معیشت درست سمت میں گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مسلسل 10ویں ماہ بھی مارچ کے مہینے میں بیرون ملک پاکستانیوں کی جانب سے ملک میں 2 بلین ڈالرز سے زائد رقم پاکستان منتقل کی گئی جو گزشتہ برس مارچ کے مقابلے میں 43 فیصد زائد ہے،ترسیلات زر میں اضافے کا مطلب زرمبادلہ یا ڈالرز ملک میں آرہے ہیں۔رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں مجموعی طور پر تقریباً 12 ارب ڈالر پاکستان بھیجے گئے جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کی نسبت تقریبا 27 فیصد زیادہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کا منصوبہ کامیاب رہا ہے مجموعی طور پر ان اکاؤنٹس سے تقریباً 140 ملین ڈالر سے زائد پاکستان پہنچ گئے ہیں۔