عالم اسلام کا حقیقی اتحاد وقت کی اہم ترین ضرورت: سراج الحق


 لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی جانب سے اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں پندرہ سے زائد اسلامی ممالک کے سفیروں اور مندوبین کے اعزاز میں تقریب افطار کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر سراج الحق نے کہا کہ عالم اسلام کے لیے حقیقی اتحاد اور وحدت کا قیام وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اسلامی ممالک کو قدرتی وسائل سے مالا مال کیا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ یہ وسائل عوام کی فلاح و بہبود اور خوشحالی کے لیے صرف ہوں۔ عالم اسلام کو تعلیم اور جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں آگے بڑھنا ہوگا۔ ہماری خواہش ہے کہ اسلامی ممالک مشترکہ دفاعی نظام تشکیل دیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی جانب سے اسلامو فوبیا کے خلاف دن منانے کے اعلان کو خوش آئند قرار دیا تاہم انہوں نے عالمی ادارہ کی جانب سے مسئلہ فلسطین اور کشمیر کے حل کے لیے عملی اقدام نہ اٹھانے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں مسائل ستر سال سے حل طلب ہیں۔ سراج الحق نے کہا کہ دنیا میں دو ارب کے قریب مسلمان ہیں جو اللہ کے حکم پر روزے رکھتے ہیں جو ہمارے لیے وحدت اور اللہ تعالیٰ سے محبت کا ذریعہ ہے۔ امتی ہونے کے ناطے ہم پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے نہ صرف خود کامیاب بنیں بلکہ پوری انسانیت کی کامیابی کے راستے پر رہنمائی بھی کریں۔

ای پیپر دی نیشن