جھنگ ، گڑھ مہاراجہ (نامہ نگاران) اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی دن منانے کی مہم کا پاکستان سے آغاز ہو گیا۔ اقوام متحدہ کی جانب سے15 مارچ اسلاموفوبیا کا بین الااقوامی دن مقرر کرنے پر مسلم انسٹیٹیوٹ کی جانب سے دربار حضرت سلطان باہو جھنگ پر ہزاروں افراد نے اظہار تشکر کیلئے "یو این تھینک یو" کا انسانی ماڈل بنایا۔ کئی سو فٹ لمبے انسانی ماڈل میں دنیا بھر کے مسلم ممالک کے جھنڈے یو این کے لوگو کے اردگرد نمایاں کئے گئے۔ اس تاریخ ساز تقریب کا انعقاد چیئرمین مسلم انسٹیٹیوٹ صاحبزادہ سلطان احمد علی نے کیا۔اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ اسلاموفوبیا جدید دور میں ایک ناسور کے طور پہ سامنے آیا ہے جس کے بین الااقوامی سطح پر بھیانک نتائج برآ مد ہو سکتے ہیں۔ اسلاموفوبیا کے خلاف قرارداد کی منظوری ایک تاریخی اقدام ہے جس پر ہم ان کے تہہ دل سے مشکور ہیں۔ دربار سلطان باہو پر ہزاروں افراد کا انوکھا کارنامہ، یو این تھینک یو" کا انسانی ماڈل بنا کر پاکستانی عوام کا ریکارڈ قائم،یو این کے اظہار تشکر کیساتھ آج ہم نے اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی دن منانے کی آگاہی مہم کا اعلان کیا ہے۔