محمد رندھاوا اور سمیر سید پی ایس او ٹو پی ایم مقرر‘ پرنسپل سیکرٹری تبدیل‘ پریس سیکرٹری ندیم کیانی ریٹائرڈ 

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت+ خبر نگار خصوصی) اعلیٰ بیورو کریسی میں تقرر و تبادلے، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن  کے مطابق  محمد رندھاوا اور سمیر سید کو پی ایس او  ٹو پی ایم لگادیا گیا ہے۔ گریڈ 19کے افسر محمد علی رندھاوا پہلے گلگت بلتستان میں خدمات سرانجام دے رہے تھے، اسی طرح سمیر سید کو بھی وزیر اعظم کا پرنسپل سٹاف آفسر (PSO) تعینات کردیا گیا ہے وہ بھی اس سے پہلے گلگت بلتستان میں خدمات سرانجام دے رہے تھے۔ گریڈ 18 کے افسر انوش محمد چوہدری کی خدمات اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے پنجاب حکومت کے حوالے کردی گئی ہیں۔ وزیراعظم آفس سے پرنسپل سیکرٹری ٹو پرائم منسٹر اعظم خان کے علاوہ وزیراعظم آفس جوائنٹ سیکرٹری محمد طارق کی خدمات اسٹیبلشمنٹ کے سپرد کر دی گئی ہیں۔ ان کے علاوہ پرائم منسٹر کے پی ایس او گریڈ 18 کے محمد عمیر کی خدمات پنجاب حکومت کو سونپ دی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ پرائم منسٹر آفس کے پرفارمنس ڈلیوری یونٹ کے سربراہ عادل صافی کی خدمات واپس خیبرپختونخواہ حکومت کے حوالے کر دی گئی ہیں۔  وزیراعظم آفس میں پریس سیکرٹری ٹو پی ایم کے عہدے پر تعینات وزارت اطلاعات کے افسر ندیم کیانی اپنی مدت ملازمت پوری ہونے کے بعد گزشتہ روز ریٹائر ہو گئے۔ گریڈ 20 کے افسر ندیم کیانی کا تعلق بیسویں کامن سے تھا‘ وہ وزارت اطلاعات میں ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل کے عہدے پر بھی فائز رہے‘ اس کے علاوہ فارن پوسٹنگ کے دوران بطور پریس اتاشی امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن اور ٹورانٹو میں بھی فرائض  سرانجام دے چکے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن