آزاد کشمیر ، وزیراعظم عدم اعتماد لانے والے 4 وزراء کو برطرف کر کے مستعفی 

Apr 15, 2022

اسلام آباد، مظفرآباد (خصوصی رپورٹر، نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر اپنے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے والے چار وزراء اور ایک مشیر کو برطرف کرنے کے بعد مستعفی ہوگئے ہیں۔ صدر آزادکشمیر نے وزیراعظم عبدالقیوم نیازی کا استعفیٰ منظور کرلیا۔ نئے وزیراعظم کے انتخاب تک عبدالقیوم نیازی وزیراعظم رہیں گے۔ چیف سیکرٹری آزادکشمیر نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔  سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ وزارت عظمی آپ کی امانت تھی آج واپس کر رہا ہوں۔ عبدالقیوم نیازی نے تمام حقائق سے عمران خان کو گزشتہ روز ملاقات میں اپنے خلاف سازش اور مبینہ ڈیل سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا تھا۔ قبل ازیں وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے اپنے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے والے چار وزراء  و ایک مشیر کو عہدوں سے برطرف کر دیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق مذکورہ وزراء کو مس کنڈکٹ، بد عنوانی اور مشکوک سرگرمیوں کی وجہ سے برطرف کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ 12 اپریل کو آزاد کشمیر میں حکمران جماعت کے 25 ممبران قانون ساز اسمبلی نے وزیر اعظم آزاد کشمیر عبدالقیوم نیازی کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائی تھی۔ برطرف وزراء میں سینئر وزیر سردار تنویر الیاس، عبدالماجد خان، علی شان سونی اور خواجہ فاروق جبکہ برطرف مشیر میں چوہدری محمد اکبر شامل ہے۔ وزراء کو مس کنڈکٹ، بدعنوانی اور مشکوک سرگرمیوں کی وجہ سے کابینہ سے نکالا گیا ہے۔ وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ من گھڑت الزامات پر افسوس ہوا۔ نہ کھاتا تھا اور نہ ہی کھانے دیتا تھا یہی میرا جرم ٹھہرا۔ جنہوں نے پیٹھ میں چھرا گھونپا ان کی منافقت پر افسوس ہے۔ جموں کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ کا وزیراعظم تھا۔ سیاست کی دنیا میں نشیب و فراز آئے۔ 2021 میں جب کامیابی ملی تو آزاد کشمیر میں وزیراعظم پاکستان کی مجھ پر نظر پڑی۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا شکرگزار ہوں جنہوں نے میرا انتخاب کیا۔ الحمد للہ ضمیر مطمئن ہے تحریک آزادی کشمیر کیلئے کام کیا۔

مزیدخبریں