اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمشن کو فارن فنڈنگ کیس کا 30 روز میں فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ عدالت نے فارن فنڈنگ کیس کا ریکارڈ اکبر ایس بابر کو دینے سے روکنے اور ممنوعہ فارن فنڈنگ کیس کی کارروائی سے الگ کرنے کی پی ٹی آئی کی درخواست بھی مسترد کردی ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمشن کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے محفوظ فیصلہ جاری کردیا۔ فیصلے میں قرار دیا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے 25 جنوری اور 31 جنوری کو دائر درخواستیں مسترد کرنے کا الیکشن کمشن کا فیصلہ چیلنج کیا۔ ممنوعہ فارن فنڈنگ کیس نومبر 2014 سے الیکشن کمشن میں زیر سماعت ہے۔ فاضل عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ مذکورہ بالا فیصلہ سنادیا ہے۔