اسلا م آبا د (خصوصی نامہ نگار)بلغاریہ کی ایس ایس سیرل اینڈ میتھوڈیس نیشنل لائبریری میں ’پاکستانی کارنر‘ قائم کر دیا گیا ۔پاکستان کی 75 ویں یوم آزادی سے متعلق جاری تقریبات کے سلسلے میں سفارت خانہ پاکستان نے ایس ایس سیرل اور بلغاریہ کی میتھوڈیس نیشنل لائبریری کے تعاون سے بلغاریہ کی نیشنل لائبریری میں ’’پاکستان کارنر‘‘ قائم کیا ہے۔یہ کارنر نیشنل لائبریری آف پاکستان، وزارت خارجہ پاکستان کی طرف سے تحفے میں دی گئی کتابوں اور سفارتخانے کی طرف سے عطیہ کردہ یادگاروں کے ساتھ قائم کیا گیا ۔کارنر کا افتتاح مشترکہ طور پر بلغاریہ میں پاکستان کی سفیر مریم آفتاب اور نیشنل لائبریری کی ڈائریکٹر ڈاکٹر کرسیمیرا الیگزینڈروا نے ایک سادہ اور پروقار تقریب میں، جس میں نیشنل لائبریری کے عملے، ماہرین تعلیم اور مقامی میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر الیگزینڈروا نے نیشنل لائبریری میں اس ’’پاکستان کارنر‘‘ کے قیام کے لیے سفارت خانے کا شکریہ ادا کر تے ہوئے کہا کہ بلغاریہ کی نیشنل لائبریری دنیا بھر میں اپنی ہم منصب لائبریریوں کے ساتھ بامعنی تعاون کے لیے پر امید ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کارنر کے قیام سے مقامی لوگوں کو پاکستان کے بارے میں آگاہی دینے اور لوگوں کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔ سفیر نے ڈاکٹر الیگزینڈروا اور ان کے عملے کا اس کوشش میں تعاون پر شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان بہترین دو طرفہ تعلقات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس کارنر کے قیام سے مقامی لوگوں میں پاکستان اور اس کے بھرپور ثقافتی تنوع کے بارے میں مزید آگاہی پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔