ڈینگی لاروا کی تلفی،فوگنگ پر خصوصی توجہ دی جائے:کامران علی 


لاہور(نیوز رپورٹر)چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل نے ہدایت کی ہے کہ ڈینگی کے حوالے سے مانیٹرنگ، سرویلنس اور رپورٹنگ کے عمل کو مزید بہتر بنایا جائے اورلاروا کی تلفی اور فوگنگ پرخصوصی توجہ دی جائے۔انہوں نے یہ ہدایت گزشتہ روز ڈینگی کے خاتمے کیلئے کئے جانیوالے اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے سول سیکرٹریٹ میں منعقد اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔ صحت، تعلیم، بلدیات، ماحولیات کے سیکرٹریز، کمشنر اور ڈپٹی کمشنر لاہور،ڈینگی ایکسپرٹ ایڈوائزری گروپ(ڈی ایگ) کے اراکین اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔صوبہ بھر میں انسداد ڈینگی سرگرمیوں کو تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ تمام محکمے گائیڈ لائنز پر عملدرآمد کے سلسلے میں فعال کردار اد کریں۔ ڈینگی پر قابو پانے کیلئے عوام کا تعاون نہایت اہمیت کا حامل ہے، آگاہی بڑھانے کیلئے خصوصی مہم شروع کی جائے۔ سیکرٹری پرائمری ہیلتھ عمران سکندر بلوچ نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔ رواں سال ڈینگی کے 44کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سرویلنس ٹیموں کیلئے چھ روزہ ٹریننگ کا انعقاد 18تا 23 اپریل ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن